۸ آذر ۱۴۰۳ |۲۶ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 28, 2024
آئی ایس او کے تحت وفاقی جامعہ اردو میں نامنظور اسرائیل ریلی کا انعقاد

حوزہ/ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک نظریاتی اسلامی ریاست ہے، جو قوتیں پاکستان میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے ناپاک عزائم رکھتی ہیں، وہ جان لیں کہ پاکستان میں ابھی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے معنوی فرزندان زندہ ہیں اور وہ ان قوتوں کے خلاف اپنے خون کے آخری قطرہ تک جدوجہد جاری رکھیں گے اور کبھی اپنے مظلوم فلسطینی مسسلمانوں کے خون کا سودا نہیں ہونے دیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن وفاقی جامعہ اردو یونٹ کے زیر اہتمام گلشن اقبال کیمپس میں ایم ایس سی بلاک تا ایڈمن بلاک نامنظور اسرائیل ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں فلسطین کے 60 میٹر طویل پرچم کو لہرا کر طلباء نے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی، نامنظور اسرائیل ریلی میں طلباء و طالبات اور اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں اسرائیل مردہ باد کے پلے کارڈز اور فلسطین کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔مظاہرین نے حکومتی سطح پر پاکستان وفود کے مسلسل اسرائیلی دورہ جات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ شرکائے ریلی سے آئی ایس او کراچی ڈویژن کے انچارج برائے پروفیشنل ادارہ جات مزمل حسین، صدر آئی ایس او جامعہ اردو اسد غالب اور سید منہاج موسوی نے خطاب کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک نظریاتی اسلامی ریاست ہے، جو قوتیں پاکستان میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے ناپاک عزائم رکھتی ہیں، وہ جان لیں کہ پاکستان میں ابھی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے معنوی فرزندان زندہ ہیں اور وہ ان قوتوں کے خلاف اپنے خون کے آخری قطرہ تک جدوجہد جاری رکھیں گے اور کبھی اپنے مظلوم فلسطینی مسسلمانوں کے خون کا سودا نہیں ہونے دیں گے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہریت رکھنے والے افراد کا دورہ اسرائیل اور اس دورے پر حکومتی خاموشی قابل تشویش عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء قوم کے مؤذن ہیں، جس طرح قیام پاکستان کے دوران مسلم طلباء نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہو کر قیام پاکستان کو ممکن بنایا اور قائد کا پیغام گھر گھر پہنچایا، اسی طرح آج قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور سفیر انقلاب شہید ڈاکٹر سید محمد علی نقویؒ کے معنوی فرزندان امامیہ طلباء پرچم بیداری و استقامت لیکر طاغوت کے خلاف صف آراء ہیں اور حکام بالا سے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکار و فرمودات کی خلاف ورزی کرنے والے اراکین وفد کی فوری پاکستانی شہریت منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

طلباء کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے مطالبات کی شنوائی نہیں ہوئی تو ہم جدوجہد کا دائرہ کار جلد مزید وسیع کریں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .